انتخابی فہرستوں کے لئے ڈسپلے سنٹر قائم کردیاالیکشن کمیشن آف پاکستان

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چک 755 گ ب اور چک 753 گ ب کی انتخابی فہرستوں کے لئے ڈسپلے سنٹر قائم کردیا
ووٹ کا اندراج/منتقلی، اخراج اور درستگی کی جائیگی۔ ڈسپلے سنٹر گورنمنٹ پرائمری سکول چک 755 گ ب ٹبہ سلطان میں قائم، انچارج میاں ملازم حسین پیرمحل (نیوز رپورٹر) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹرز کی سہولت کے لئے انتخابی فہرستوں کے ڈسپلے سنٹر قائم کردیے ہیں جو کہ جلد کام شروع کردیں گے۔ اس سلسلے میں تحصیل پیرمحل کے چکوک 755 گ ب اور 753 گ ب کی انتخابی فہرستوں کا ڈسپلے سنٹر گورنمنٹ پرائمری سکول چک 755 گ ب ٹبہ سلطان میں قائم کیا گیا ہے۔ ڈسپلے سنٹر کے انچارج میاں ملازم حسین گگڑانہ کے مطابق ان دونوں چکوک کے لوگ انتخابی فہرستوں میں اپنا ووٹ چیک کرنے کے ساتھ نئے ووٹوں کا اندراج/منتقلی، اخراج اور کوائف کی درستگی کروا سکیں گے۔ ڈسپلے سنٹرز چند روز کے لئے قائم کیے جائیں گے جو کہ صبح تا شام 4 بجے تک کام کریں گے اور ہفتہ اتوار بھی کھلیں رہیں گے۔ سندھیلیانوالی و اروتی کے مختلف علاقوں میں قائم ہونے والے انتخابی فہرستوں کے ڈسپلے سنٹرز اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز سردار محمد آصف ڈوگر اور محمد شہریار رفاقت کی زیر نگرانی کام کریں گے۔ عوام الناس اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے اپنے ووٹ کا اندراج اور ڈسپلے سنٹر کی معلومات چیک کرسکتے ہیں۔ نئے ووٹوں کے اندراج/منتقلی، اخراج اور کوائف کی درستگی کے لئے مختلف فارم پر ہوں گے جن کے لئے اصلی شناختی کارڈ اور اس کی فوٹو کاپی درکار ہوگی۔